کوئٹہ: بلوچستان بھر کے سرکاری ملازمین ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی منظوری کے لیے سراپا احتجاج بن گئے۔ ملازمین تنظیموں کے گرینڈ الائنس نے مطالبات کے حق میں ریڈ زون میں دھرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین کوئٹہ پہنچے۔
احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے گزشتہ شب ہی کنٹینرز لگا کر ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔ ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر ملازمین نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر جمع ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے وہاں بھی مظاہرین کو منتشر کر دیا اور متعدد سرکاری ملازمین کو گرفتار کر لیا۔
گرفتاریوں کے بعد گرینڈ الائنس کی جانب سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دوپہر کے وقت کوئٹہ شہر اور گردونواح میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی، جس کے باعث کاروباری طبقے سمیت عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سرکاری ملازمین کے جاری احتجاج کے باعث متعدد سرکاری دفاتر میں کام شدید متاثر ہوا ہے، جبکہ صورتحال کے پیش نظر شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔



Leave a Reply