کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سالانہ مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر بلوچستان اسمبلی کے سات اراکین کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، گوشوارے جمع کرانے تک ان اراکین کی اسمبلی رکنیت معطل رہے گی۔
معطل کیے گئے اراکین میں صوبائی وزرا فیصل جمالی اور بخت محمد کاکڑ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پارلیمانی سیکرٹری زرین خان مگسی کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
جن دیگر اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں ملک نعم بازئی، زرک مندوخیل، شافعہ اور ظفراللہ زہری شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ جب تک متعلقہ اراکین اپنے سالانہ مالی گوشوارے جمع نہیں کراتے، وہ نہ تو اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لے سکیں گے اور نہ ہی کسی قسم کی پارلیمانی سرگرمی انجام دے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مالی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام قانون کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔



Leave a Reply